اتر پردیش کے رامپور دورے پر پہنچے اقلیتی بہبود کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے سفر حج 2021 سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ مصیبت کی گھڑی میں ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، اس فیصلہ کے ساتھ بھارت جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ بھارت کے سعودی عرب کے ساتھ کس طرح کے تعلقات ہیں۔ اس لیے سعودی عرب کی حکومت لوگوں کی صحت و سلامتی کو دیکھتے ہوئے جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مرکزی وزیر نے سعودی عرب کے ذریعہ آکسیجن کی مدد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مصیبت کے وقت میں بھارت کو آکسیجن وغیرہ بھیج کر کافی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس بھی کورونا کی وجہ سے حج نہیں ہو سکا تھا اور اس مرتبہ ابھی تک سعودی عرب سے حج کی ادائیگی سے متعلق کوئی مذاکرات یا کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ اس لیے جیسا بھی فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے آئے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔