ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے شہر نوئیڈا میں عام لوگوں کی سہولت کے لیے اکتوبر 2019 میں ای چالان کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی شروعات کی گئی تھی۔ ٹریفک پولیس نے اس کے ذریعے ایک سال میں میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زیادہ کا جرمانہ بھی وصول کیا تھا، لیکن اب نوئیڈا ٹریفک پولیس نے اس سہولت کو بند کر دیا ہے۔
اب گھر بیٹھے غلط چالان کی شکایت نہیں ہو سکے گی اور نہ ہی 72 گھنٹوں کے اندر اس کا تصفیہ ہو سکے گا۔ نوئیڈا ٹریفک پولیس کے پورٹلtrafic police noida.in پر گھر بیٹھے غلط چالان کی شکایت کی جاتی تھی اور 72 گھنٹے کے اندر ٹریفک پولیس مسئلہ حل کر دیتی تھی۔
اس مسئلے پر ڈی سی پی ٹریفک گنیش پرساد ساہا نے بتایا کہ یہ ٹریفک پولیس کا آفیشل پورٹل نہیں تھا۔ تھری ایس مائنڈ ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ ڈی سی پی ٹریفک کے مطابق ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے، مگر کمپنی نے اس کا ڈومین رینیو نہیں کرایا اور نہ ہی اس کی جانکاری نوئیڈا پولیس کو دی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پورٹل پر کچھ خامیاں تھیں جس کی وجہ سے نوئیڈا ٹریفک پولیس نے قرار داد کو آگے نہیں بڑھایا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مزید کمپنیاں آئی ہیں اور اس طرح کے آن لائن پورٹل کے لیے کئی کمپنیوں سے بات چیت چل رہی۔ لیکن سچائی یہی ہے کہ اس پورٹل سے نوئیڈا ٹریفک پولیس کو کافی مدد ملی۔ لاک ڈاؤن کے باوجود گزشتہ برس 5.52 لاکھ سے زیادہ چالان کاٹے گئے اور تین کروڑ 62 لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا تھا، اس کے باوجود اس پورٹل کو جاری رکھنے میں ناکام رہی۔