لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی)صدر و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کو عام آدمی کی فکر نہیں ہے۔ پہلے سے ہی مہنگائی اور بے روزگار سے پریشان عوام کو بی جے پی حکومت مہنگی بجلی کا کرنٹ لگا کر ایک اور جھٹکا دینے کی تیاری میں ہے۔ حکومت اور بجلی کمپنیوں نے بجلی شرحوں کو بڑھا کر مہنگائی کو اور بڑھانے کا کھیل کھیلنا شروع کردیا ہے۔Akhlesh On Yogi Govt
اکھلیش یادو نے آج یہاں کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت نئے سال میں بجلی کی شرحیں تقریبا 23فیصدی بڑھانے جارہی ہے۔ سب سے زیادہ گھریلو صارفین پر اس کا اثر پڑے گا۔ پہلے ہی عوام بجلی کی بدنظمی سے پریشان ہیں۔بجلی نہ آنا اور بجلی بجل زیادہ آنے سے عوام عاجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ریاستی حکومت بجلی کی شرحیں بڑھانے کی تجویز لا کر کسانوں، غریبوں، کاروباریوں سب پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ بی جے پی حکومت بجلی کا بل بڑھا کر اب یگر تمام ضرورت کی چیزوں پر مہنگائی بڑھانے کی سازش رچ رہی ہے۔ بی جے پی کا یہ قدم عوام مخالف ہے۔ حکومت مفاد عامہ کے لئے ہوتی ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت کی پالیسی عوام کو تباہ کرنے کی ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت ریونیو کے نام پر عوام کی جیب پر ڈکیتی ڈالنا بند کرے ۔ ریاستی حکومت کی تباہ کن پالیسیوں نے معیشت اور روزگار کو ختم کردیا ہے۔ کاروبار ٹھپ ہے اور لوگوں کی گھریلو معیشت چوپٹ ہوتی جارہی ہے۔ بی جے پی کی پالیسی سے پریشان عوام اب اس سے نجات پانے کو بے چین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی حکومت کی بجلی شرحوں میں اضافے کی تجویز کے خلاف ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اسے واپس لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: Akhilesh On Welfare ایس پی سبھی طبقات کے فلاح وبہبود کے لئے کمر بستہ، اکھلیش
یواین آئی