مرادآباد:عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے اتر پردیش کے ضلع مرادآباد کے ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کیا، جب کہ احتجاج کے دوران انہوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو صدر جمہوریہ ہند کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما ایم پی سنگھ کا کہنا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو مرکزی حکومت کی جانب سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے ہراساں کیا جا رہا ہے، ان کے گھر اور دفتر پر ای ڈی نے چھاپہ ماری کی۔ اب ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ان کے لاکر سے کوئی رقم نہیں ملی ہے۔ دہلی ایم سی ڈی میں الیکشن ہارنے والی بی جے پی منیش سسودیا کے خلاف کارروائی کروا رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی شکست برداشت نہیں کر پا رہی ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو بدنام کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے اشارے پر ای ڈی نے گرفتار کر لیا،ان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Manish Sisodia Moves SC سپریم کورٹ منیش سسودیا کی عرضی پر سماعت کرے گا
ان کا کہنا ہے کہ جب ہماری پارٹی مرکز میں اقتدار میں آئے گی تو بی جے پی والوں کو گواہ بھی نہیں ملے گا۔بی جے پی کے پاس اقتدار ہے تو اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں کو جھوٹے الزامات میں پھسانے کی کوشش کر رہی ہے ۔لیکن کل اقتدار سے بے دخلی پر کیا ہو گا اس کے بارے میں کسی نے کچھ نہیں سوچا ہے۔عاپ کے کارکنان نے اپنے رہنما کی جلد سے جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔