سرینگر: جموں کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ نے آج پی ڈی پی میں واپسی کی ہے۔ مظفر بیگ سنہ 1998 میں پی ڈی پی میں شامل ہوئے تھے، لیکن دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد انہوں نے پی ڈی پی کو الوداع کیا تھا اور سجاد لون کی پیپلز کانفرنس میں شامل ہوئے تھے۔ مظفر بیگ نے آج پی ڈی پی کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید کی آٹھویں برسی پر بجبہاڑہ میں مفتی کی قبر پر محبوبہ مفتی کے سامنے پارٹی میں واپسی کی۔ ان کی اہلیہ سفینہ بیگ بھی ان کے ساتھ تھیں اور انہوں نے بھی پی ڈی پی میں واپسی کی ہے۔ سفینہ بیگ ضلع بارہمولہ کے ڈی ڈی سی چئرپریسن ہیں جہاں ان کو پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی کے ممبران کی حمایت حاصل ہے۔
دفعہ 370 کی منسوخی کے ایک برس بعد مظفر بیگ کو مزکری سرکار نے پدم بھوشن انعام سے نوازا تھا۔ اس وقت محبوبہ مفتی سمیت پی ڈی پی کے کئی لیڈران نظر بند تھے۔مزکری سرکار نے ان کو دفعہ 370 کی منسوخی سے ایک روز قبل نظر بند کیا تھا یا حراست میں لیا تھا۔ مظفر حسین بیگ کا دفعہ 370 کی منسوخی پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے اسٹینڈ کے بالکل برعکس ہے۔ جب دفعہ 370 منسوخی کیا گیا تھا، تو مظفر بیگ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دفعہ 370 اب ایک تاریخی ہے جس کو مرکزی سرکار بحال نہیں کرے گا۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جموں کشمیر کو دفعہ 371 کے تحت قبائلی درجہ دیا جائے۔ اس کے برعکس محبوبہ مفتی کا مطالبہ ہے کہ جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت بھی بحال کرنی چاہئے۔
9 جنوری سنہ 2020 میں مظفر بیگ نے جموں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے اشتعال انگیز بیانات سے مرکزی سرکار نے جموں کشمیر کو یونین ٹریٹری بنایا تھا۔ محبوبہ مفتی نے سنہ 2017 میں کہا تھا کہ اگر مرکزی سرکار نے دفعہ 370 کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تو جموں کشمیر میں کوئی ترنگا نہیں لہرایا گا۔ مظفر حسین بیگ اور محبوبہ مفتی کے مابین تعلقات اس وقت بحال ہوئے جب نومبر میں مظفر بیگ اور ان کی اہلیہ سفینہ بیگ نے محبوبہ کے ساتھ ان کے نوگام رہائش گاہ میں ایک خفیہ ملاقات کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی کے سابق لیڈران بشمول فیاض میر، عبدالحق خان، یاسر ریشی بھی اب پی ڈی پی میں واپسی کریں گے۔ یہ لیڈران بیگ کے قریبی مانے جاتے ہیں اور ان کی سیاسی رہنمائی میں مظفر بیگ کا ہی بڑا رول ہے۔ ان لیڈران نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد پی ڈی پی کو الوداع کیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بیگ کی پی ڈی پی میں واپسی سے قبل انہوں نے دہلی میں بی جے پی قیادت سے ملاقات کی تھی اور ان کی ہری جھنڈی کے بعد ہی انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ مظفر بیگ اور سفینہ بیگ کی پی ڈی پی میں شمولیت سے پیپلز کانفرنس ان کو ضلع بارہمولہ میں ڈی ڈی سی کونسل میں حمایت بھی واپس لی سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:
- سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ اور ان کی اہلیہ سفینہ بیگ پی ڈی پی میں دوبارہ شامل
- مفتی محمد سعید: بھارت کے پہلے مسلم وزیر داخلہ
مظفر بیگ کی پی ڈی پی میں واپسی پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ بیگ صاحب ان کے بڑے بھائی ہیں۔انہوں نے بیگ کو ا نکے گھر کا فرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ گھر میں بہت سے معاملات پر ممبران کے مابین ان بن ہوتی رہتی ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مظفر بیگ اور ان کے درمیان ماضی میں جو کچھ بھی ہوا ہے پارٹی اور کارکنان کو وہ سب کچھ بھول جانا چاہیے اور جموں کشمیر کو مصیبتوں سے باہر نکالنے کے لیے ایک ساتھ کام کرنا چاہئے۔ سیاسی مبصرین کی رائے ہے کہ دفعہ مظفر حسین بیگ کی سیاسی ساکھ اب اس قدر مستحکم نہیں ہے کہ لوگ انتخابات میں ان کی حمایت کریں گے، نہ ہی ان کی صحت اب ان کو سیاست کرنے کی اجازت دی رہی ہے۔ البتہ ان کی اہلیہ کے سیاسی مستقبل کے لئے انہوں نے پی ڈی پی میں واپسی کی ہے، تاکہ مستقبل کے اسمبلی انتخابات میں وہ بارہمولہ میں الیکشن لڑ پائے۔