سرینگر (جموں کشمیر) : جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں منگل کو موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ درج ہونے کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ شب کے منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عہدیار کا کہنا ہے کہ دارالحکومت سرینگر سال کے اس وقت کا درجہ حرارت معمول سے 2.0 °C کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر کے بیشتر حصوں میں دھند چھائی رہی جس کے سبب صبح کے وقت میں مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر، سرینگر ائرپورٹ پر بھی صبح کے وقت کی طے شدہ سبھی پروازوں کو گھنے کوہرے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے سبب وزیبلٹی (بصارت) متاثر ہونے کے سبب پروازوں کو احتیاطاً منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھند صاف ہوتے ہی پروازوں کو پھر سے روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
وادی کشمیر میں مجموعی طور ٹھنڈ میں اضافہ درج ہونے کے ساتھ ہی اسکولوں، خاص کر پرائمری اور مڈل اسکولوں کے بچوں کو تعطیل دیے جانے کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔ وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے شبانہ درجہ حرارت کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کا کم از کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ اس سے قبل کی شب کا درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا انہوں نے بتایا کہ اس جگہ کا کم از کم درجہ حرارت معمول سے مائنس 2.0 ° C کم تھا۔
جنوبی کشمیر کے مشہور تفریحی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے میں بھی کم از کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ اس جگہ کے لیے معمول سے تقریباً مائنس 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
مزید پڑھیں: کشمیر کے معروف ماہر موسمیات سونم لوٹس کا لداخ تبادلہ
شمالی کشمیر کے کپوارہ قصبے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1. ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ عہدیدار کے مطابق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ شمالی کشمیر میں دنیا کے مشہور اسکیئنگ ریزورٹ کے لیے معمول سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے 26 نومبر تک کوہرا چھائے رہنے جبکہ کی پیشگوئی کی ہے جبہک 25 نومبر کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ہی عام طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔