سرینگر: جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے اتوار کے روز کہا کہ بی جے پی سے گرچہ کوئی توقع نہیں لیکن کانگریس نے اس مرتبہ انتخابی مہم کے دوران ایک بار بھی اقلیتوں کی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی سب سے بڑی آزادی ہے لہذا میر واعظ مولوی عمر فاروق کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دینی چاہئے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت بہت سارے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے کافی ساری مشکلیں پیش آرہی ہیں۔
میر واعظ مولوی عمر فاروق کی دوبارہ نظر بندی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہا کہ مذہبی آزادی سب سے بڑی آزاد ی ہے۔ کسی کو بغیر کسی پابندی کے نماز پڑھنے کا حق ہونا چاہئے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر واعظ مولوی عمر فاروق اور دوسرے علماءکو نماز جمعہ اداکرنے کی اجازت دینی چاہئے کیونکہ ہمارے آئین نے ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے کی آزادی دی ہے۔
مزید پڑھیں:
چار ریاستوں کے انتخابی نتائج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہا کہ اقلیتوں کے حوالے سے گرچہ بی جے پی سے کوئی توقع نہیں لیکن ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران ایک بار بھی اقلیتوں کی بات نہیں کی۔
(یو این آئی)