سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کے ریاستی جانور، کشمیری ہرن، جسے ’’ہانگُل‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی آبادی میں دو سال بعد کچھ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس سے محکمہ وائلڈ لائف اور جنگلی حیات کے شائقین خوش نظر آ رہے ہیں۔ محکمہ وائلڈ لائف اور کئی این جی اوز کی جانب سے کیے گئے ایک حالیہ سروے میں کہا گیا ہے کہ ’’ہانگل کی آبادی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔‘‘ ہانگُل کو انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کی ’’ریڈ لسٹ‘‘ کے ’’انتہائی خطرے سے دوچار‘‘ زمرے میں درج کیا گیا ہے اور یہ انڈین وائلڈ لائف (تحفظ) ایکٹ 1972 کے تحت محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
ہانگل (Cervus hanglu)، سرخ ہرن کی سب سے زیادہ پھیلی ہوئی نسلوں میں سے ایک ہے، جموں اور کشمیر کے مغربی ہمالیہ کے معتدل آب و ہوا والے جنگلات میں رہتی ہے۔ کشمیر کے پہاڑوں اور ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں ان جانوروں کے علاقے تنگ ہونے اور دیگر مسائل کے نتیجے میں ان کی آبادی کافی حد تک کم ہو گئی تھی۔ تاہم ایک حالیہ سروے نے کشمیر کے محکمہ وائلڈ لائف اور ہانگل کے شوقین کو خوش کر دیا ہے۔
سنہ2004 سے وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ڈبلیو آئی آئی)، مقامی تحقیقاتی تنظیمیں اور محکمہ جنگلی حیات کے تحفظ، جموں و کشمیر (ڈی ڈبلیو ایل پی) دھاچی گام ماحولیاتی نظام میں ہانگل کی آبادی کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ محققین، فیلڈ اہلکار، اور رضاکار سائنسی تکنیکوں جیسے ٹرانسیکٹ سروے، کیمرہ ٹریپنگ، اور جینیاتی تجزیہ کا استعمال کرتے ہوئے آبادی کی حرکیات، نقل مکانی کے نمونوں اور پرجاتیوں کی جینیاتی صحت کا مطالعہ کر رہے ہیں۔
آبادی کی نگرانی کے حالیہ آپریشنز کے مطابق اس وقت دھاچی گام نیشنل پارک میں 289 ہانگل موجود ہیں ان کے علاوہ 14 شکار گاہ، ترال کے علاقے میں ہیں۔ لیکن کئی مسائل اب بھی پرجاتیوں کے مستقبل کے لیے خطرہ کا باعث ہے۔ ہانگل کی آبادی میں کمی کی کئی وجوہات بیان کی جا رہی ہے جن میں مویشیوں کی جانب سے ضرورت سے زیادہ چرنے، گھاس کاٹنے، ایندھن کے لئے لکڑیاں جمع کرنے کے ساتھ ساتھ فوجی اہلکاروں اور ان علاقوں میں کام کرنے والے سرکاری اداروں کی وجہ سے بھی ہانگل کا مسکن تنگ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: Hangul Census in Kashmir : اسٹیٹ انیمل ہانگل کی کاؤنٹنگ 15مارچ سے
وائلڈ لائف وارڈن سینٹرل ڈویژن، الطاف حسین نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’دو سال بعد ہانگل کی آبادی میں اضافہ دیکھنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔2021 کی مردم شماری میں 261 ہانگل رجسٹر ہوئے تھے۔ اس خطرے سے دوچار پرجاتیوں کے لیے سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ اس کے مسکن پر کوئی دباؤ نہیں ہونا چاہیے۔ ہانگل کی آبادی میں مزید اضافہ کرنے کے لیے کھون موہ اور ترال علاقوں میں قریبی گزرگاہوں کی بہتر حفاظت کی جائے۔‘‘