سرینگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹس پیش کرنے کے الزام میں 8 سرکاری ملازمین کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔
سی بی کے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقتصادی جرائم ونگ سرینگر (کرائم برانچ کشمیر) نے ایف آئی آر نمبر28/2021 کے تحت آر پی سی کے دفعات 420، 420/511، 202، 468 اور 471 کے تحت قابل سزا جرم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں 8 ملزموں کے خلاف سٹی منصف سرینگر کی ایک عدالت میں چارج شیٹ دائر کی۔
بیان میں کہا گیا کہ 'کرائم برانچ کشمیر کو ایک ایگریکلچر پروڈکشن محکمہ جموں وکشمیر(ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر کی رپورٹ کی بنیاد پر) کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا کہ محکمہ کے 12 ملازمین نے نوکری لگتے وقت جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹس پیش کی ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ شکایت پر کرائم برانچ کشمیر میں سال 2021 میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 12 افراد میں سے 8 ملزموں نے ابتدائی تقرری کے وقت جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹس پیش کرکے محکمے کو دھوکہ دیا ہے۔ بیان کے مطابق ملزموں نے دھوکہ دہی سے سرکاری ملازمت میں بر قرار رہے اور ریٹائرمنٹ کی اپنی اصل عمر سے زیادہ ملازمت کے فوائد غیر قانونی طور پر حاصل کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کرائم برانچ کشمیر نے سرینگر کے رائل اسپرنگس گولف کورس میں ملازمت حاصل کرنے کے وقت جعلی تاریخ پیدائش سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے الزام میں ملزم کے خلاف سرینگر کی ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔