سرینگر (جموں و کشمیر) : بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’امرناتھ یاترا ٹریک پر مرمتی کام 15 جون سے پہلے ہی مکمل کیا جائے گا۔‘‘ وادی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندی پر واقع امرناتھ گپھا کی سالانہ یاترا رواں برس یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ بی آر او کے دائرہ کار میں برف ہٹانا، ٹریک کی کشادگی، فٹ برجوں کی بحالی، ٹوٹی ہوئی دیواروں کی تعمیر نو وغیرہ شامل ہے۔ حکام کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق بال تل سے مقدس گھپا تک کے ٹریک کی دیکھ بھال اس سے قبل محکمہ تعمیرات عامہ، جموں و کشمیر نے کی تھی اور چندن واڑی سے گھپا تک کی دیکھ بھال پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے انجام دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ دونوں ٹریک پچھلے سال ماہ ستمبر میں دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن کے لیے بی آر او کے حوالے کیے گئے تھے۔‘‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ بی آر او، شری امر ناتھ یاترا ٹریک کی مرمت کا کام 15 جون سے پہلے مکمل کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ رواں برس بھی امرناتھ یاترا حسب سابق جنوبی کشمیر کے پہلگام اور وسطی کشمیر کے بال تل، سونہ مرگ راستوں سے انجام دی جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے امرناتھ یاترا کے پر امن انعقاد اور یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی غرض سے انتظامات میں جٹی ہوئی ہے وہیں دوسری جانب سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھی یاترا کے پُر امن انعقاد کے حوالہ سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
یو این آئی