سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کا یہاں ایکسچینج روڈ پر واقع مرکزی دفتر پیر کو ایک ہفتے کے بعد دو بارہ کھول دیا گیا۔
یہ دفتر کچھ ملازموں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 7 ستمبر کو بند کر دیا گیا تھا اس سے قبل بھی یہ دفتر کچھ ملازموں کا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔
پیر کے روز صارفین کی بڑی تعداد کو دفتر کے باہر اپنے مختلف امور کی انجام دہی کے لئے جمع دیکھا گیا۔
محمد یوسف نامی ایک صارف نے بتایا کہ مرکزی دفتر بند رہنے کی وجہ سے صارفین کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہم قریب ہر روز یہاں آتے تھے لیکن دفتر بند پاکر مایوس ہی گھر واپس لوٹتے تھے۔
موصوف نے کہا کہ دفتر کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکار گیٹ سے ہی ہمیں واپس بھیجتے تھے۔
تاہم اس دوران ایک پرائیویٹ ایجنٹ دفتر کچھ دوری پر بی ایس این ایل کے سم کارڈس فروخت کر رہا تھا اور بل جمع کرنے کے لئے صارفین سے دس روپے کا اضافی چارج وصولتا تھا۔