ضلع پلوامہ میں قصبہ ترال کے دور افتادہ علاقہ ناگہ پتھری علاقے کے باشندوں کو دور جدید میں بنیادی سہولیات کے فقدان Nagpathri, Tral Lacks Basic Facilitiesکے باعث گونا گوں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ ’’انتظامیہ جان بوجھ کر لوگوں کے مسائل کی جانب توجہ دینے سے گریزاں ہے، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کو لیکر لوگ خاموش احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔‘‘
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی نائب سرپنچ نے بتایا کہ ’’ناگہ پتھری علاقے کو انتظامیہ نے یکسر نظر انداز کیا ہے، علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام جہاں ابتری کا شکار ہے وہیں رابطہ سڑک بھی انتہائی خستہ ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک پر میگڈمائزیشن کے نام پر ناقص مواد کا استعمال کرکے سرکاری خزانے سے روپے اینٹھے گئے، جبکہ برفباری کے دوران استعمال کیا ہوا ناقص مواد اکھڑ گیا اور رابطہ سڑک مزید خستہ ہو گئی۔
انہوں نے سڑک کی میگڈمائزیشن میں ناقص مواد کا استعمال کیے جانے پر انتظامیہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے ناقص بجلی ترسیلی نظام پر بھی انتظامیہ شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا: ’’وزل، کلناڈ اور ناگہ پتھری میں بجلی کا ترسیلی نظام خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، اکثر مقامات پر بجلی ترسیلی لائنز کو درختوں اور عارضی کھمبوں کے ساتھ باندھ دیا گیا ہے، جبکہ ترسیلی لائنیں بھی بوسیدہ ہو چکی ہیں۔‘‘
ناگہ بل پتھری کے باشندوں نے علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔