جنوبی ضلع پلوامہ کے ہسپتال میں ایک نیا بلاک جدید طرز پر قائم کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس کووڈ 19 کے دوران سابق لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو نے اس کا آن لائن افتتاح کیا تھا۔ یہ بلاک تقریباً 28 لاکھ سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اب اس ہسپتال میں معمول کا کام کاج شروع ہو گیا ہے۔
اس جدید ترین عمارت میں مریضوں کے علاوہ تیمارداروں کو بھی کافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ہسپتال کی عمارت 120 بستروں پر مشتمل ہے جس میں 10 بستر سی سی یو، ائی سی یو کے لئے مختص رکھے گئے ہیں۔
ضلع پلوامہ اور اس سے منسلک اضلاع کے لوگوں کو سی ٹی سکین اور دوسرے ٹیسٹ کروانے کے لئے یا تو پرائیویٹ اداروں کا رخ کرنا پڑتا تھا یا پھر سرینگر جانا پڑتا تھا۔ لیکن اب تمام جدید سہولیات انہیں اپنے ضلع میں ہی فراہم ہوں گی۔
ضلع انتظامیہ کی پہل سے ہسپتال میں جدید ترین سی ٹی سکین لگوایا گیا ہے جس پر عوام نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔
پلوامہ سے متصل کئی اضلاع سے ہر سال تقریباً سات لاکھ لوگ یہاں علاج معالجہ کے لئے آتے ہیں۔ وہیں، روزانہ 1500 سے 2000 افرد کا علاج کیا جاتا ہے۔
اس ہسپتال میں پندرہ سے بیس بڑے آپریشن انجام دیئے جاتے ہیں۔
ضلع ہسپتال میں لوگوں کی راحت رسانی کے لیے 280 کے قریب طبی و نیم طبی عملہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہیں۔
اس حوالے سے محمد امین نامی ایک شخص نے کہا کہ پہلے اس ہسپتال میں ہیٹنگ وغیرہ کا انتظام نہیں تھا۔ نئی عمارت میں سینٹرل ہیٹنگ سسٹم ہونے کی وجہ سے بیماروں سمیت تیمارداروں کو کافی راحت ملی ہے جس پر عوام نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہیں۔
ضلع ہسپتال پلوامہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ جدید طرز پر بنی عمارت میں لوگوں کے لئے کئی سہولت میسر ہے۔ بلڈنگ میں آکسیجن و دیگر چیزیں مریضوں کے لئے میسر رکھی گئی ہیں۔
واضح رہے اس ہسپتال میں ضلع شوپیان، کولگام اور بڈگام سے بھی مریض علاج کروانے آتے ہیں۔