پونچھ: سرحدی ضلع پونچھ کے تحصیل صدر مقام منڈی سے قریب ایک کلو میٹر کی دوری پر واقع پنچایت اعظم آباد میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول، مغل ڈاب کی خستہ حال عمارت کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اسکول کی عمارت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ طلبہ کلاس رومز کے بجائے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ Primary School Mughal Dab Poonch Dilapidated
مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری اسکول کی عمارت قریب چار سال قبل زمین بوس ہو گئی جس کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے انتظامیہ خصوصاً محکمہ تعلیم نے کبھی سنجیدگی کے ساتھ غور نہیں کیا۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’ایک طرف انتظامیہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے بلند کو بانگ دعوے کر رہی ہے اور دوسری جانب طلبہ کی درس و تدریس کے لیے بیٹھنے تک کا انتظام نہیں ہے جس سے انتظامیہ کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں۔‘‘ Students Suffer due to Dilapidated School Building
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی پنچ نے بتایا کہ اسکول میں قریب تیس بچے زیر تعلیم ہیں دو اساتذہ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خستہ حال عمارت کے سبب اساتذہ طلبہ کو کھلے آسمان تلے تعلیم دینے پر مجبور ہیں اور بارشوں کے دوران طلبہ تعلیم کے نور سے محروم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال عمارت کے سبب کبھی بھی کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس کے سبب والدین بھی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے کتراتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج اسکول میں محض دو درجن طلبہ ہی زیر تدریس ہیں۔
مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ محکمہ تعلیم کے زونل ایجوکیشن آفیسر سمیت ضلع انتظامیہ سے اسکولی عمارت تعمیر کرنے کے حوالہ سے رجوع کیا گیا تاہم انکے مطابق حکام نے کبھی بھی اس جانب توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے انتظامیہ سے اسکول کو دوسری جگہ منتقل کیے جانے یا جدید عمارت تعمیر کیے جانے کی مانگ کی۔