پونچھ: جموں صوبہ کے سرحدی ضلع پونچھ میں ہوئی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے مغل شاہراہ اور جموں پونچھ شاہراہ کےساتھ ساتھ دیگر درجنوں رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بند ہوگئی ہیں۔ Roads Closed In Poonch
ضلع میں جاری موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے جمعرات کو ضلع پونچھ کی متعدد سڑکوں پر پسیاں گر آئی ہیں جس کی وجہ سے پونچھ جموں شاہراہ کلائی کے مقام پر ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے بند ہو گئی تھی، جسے کچھ وقفے کے بعد بحال کر دیا گیا۔ تاہم دوسری جانب خطہ پیر پنچال کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال اور پسیاں گرآنے کے خطرے کے پیشِ نظر تاریخی مغل شاہراہ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا، وہیں جموں پونچھ شاہراہ پر کلائی کے مقام پرپسیاں گرآنے کے بعد شاہراہ فی الحال آمد ورفت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:
ڈی ایس پی ٹریفک پونچھ راجوری آفتاب بخاری نے بتایا کہ پونچھ جموں شاہراہ پر آج صبح کلائی پوائنٹ پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ٹریفک معطل ہوگئی جس کے بعد مشینری نے اسے بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں موسلادھار بارش سے متاثر ہونے والی دیگر سڑکوں پر ٹریفک کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔ جموں کے پونچھ ضلع کو کشمیر کے شوپیاں سے جوڑنے والی مغل روڈ پر ٹریفک بھی گزشتہ روز لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متاثر رہنے کے بعد جمعرات کو بحال کر دی گئی۔
ضلع انتظامیہ پونچھ نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ضلع پونچھ کے سرنکوٹ ،مینڈھر اور دیگر علاقوں میں چھوٹی زیر تعمیر رابطہ سڑکیں نا قابل استعمال ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے وسیع آبادی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔