کولگام: جنوبی ضلع کولگام کے متعدد علاقوں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس وجہ سے لوگ محفوظ مقامات کی اور جانے پر مجبور ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو پولیس نے محفوظ جگہ منتقل کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سہ پہر کے بعد ضلع کولگام کے دمہال ہانجی پورہ کے چوگال پورہ، کھور بٹہ پورہ ، چوچہ مولہ ، ٹنگمرگ ، کارول اور جابل علاقوں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی۔بادل پھٹنے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جبکہ پانی رہائشی بستی میں بھی گھس آیا جس وجہ سے ہائر سکنڈری اور مڈل اسکول عمارت کی دیواریں گر آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلابی پانی کی وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جبکہ لوگوں کو فوری طورپر محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول ہے جبکہ لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ایس ڈی پی او دمال ہانجی پورہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لوگوں کو فوری طورپر دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کا سلسلہ جاری تھا۔
مزید پڑھیں: Doda cloudburst بادل پھٹنے سے چرالہ، ڈوڈہ میں سیلابی صورتحال
دمحال ہانجی پورہ کے ایس ڈی ایم نے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں محکمہ مال ایس ڈی آر ایف پولیس ودیگر کئی محکمہ جات نے پہلے پانی کی نکاسی اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہچایا۔ انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور جو نقصانات ہوئے ہیںں اس کا تخمینہ لگایا جائے گا۔