جموں (جموں کشمیر) : جموں و کشمیر پولیس نے صوبہ جموں میں روہنگیا پناہ گزینوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے روہنگیا پناہ گزینوں کو پناہ دینے اور انہیں سرکاری مراعات فراہم کرنے میں مبینہ طور مدد کرنے میں ملوث افراد کے خلاف 7 پولیس تھانوں میں مقدمات درج کئے ہیں۔ ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیائی شہریوں کو پناہ دینے اور ان کو سرکاری مراعات دلوانے کے الزام میں ملوث افراد کے خلاف 7 تھانوں میں مقدمے درج کئے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں تلاشی کارروائیوں کے بعد یہ مقدمات پولیس اسٹیشن ستواری FIR نمبر نمبر 270۔ پولیس اسٹیشن تریکوٹہ نگر ایف آئی آر نمبر352 ۔ پولیس اسٹیشن باغ باہو ایف آئی آر نمبر 107 پولیس اسٹیشن چنی ہمت ایف آئی آر نمبر 184، پولیس اسٹیشن نو آباد ایف آئی آر نمبر 191 ۔ پولیس اسٹیشن ڈومانہ ایف آئی نمبر 370 اور پولیس اسٹیشن نگروٹا ایف آئی نمبر نمبر 527 درج کیے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقدمے ان لوگوں کے خلاف درج کئے گئے ہیں جن پر غیر ملکی تارکین وطن کو پناہ دینے اور انہیں سرکاری مراعات دلوانے کا الزام ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مجسٹریٹس کی موجودگی میں تلاشی کارروائیاں ان مقامات پر انجام دی گئیں جہاں روہنگیائی شہری رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزیوں کے سہولت کاروں کے رہائشی مقامات پر بھی تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا: ’’تلاشی کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر حاصل شدہ ہندوستانی دستاویز بشمول پین کارڈ، آدھار کارڈ، بینک دستاویز سمیت دیگر مجرمانہ مواد بر آمد کیا گیا،‘‘ پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے اور مزید تفصیلات کو بھی جلد ہی شیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس کارروائی کے متعلق جموں کے ڈی آئی جی، شکتی پاٹھک نے کہا کہ اس ضمن میں لازمی مواد، دستاویز ضبط کیے گئے ہیں اور انکوائری کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ قبل ازیں، صوبہ جموں کے ضلع کشتواڑ میں بھی پولیس نے روہنگیا پناہ گزیوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران آدھار کارڈ جیسے غیر قانونی طور پر حاصل کردہ دستاویز کی باز یابی کے بعد ایک کیس درج کیا تھا۔
مزید پڑھیں: Two Rohingyas Arrested in Jammu: جموں میں این آئی اے کا چھاپہ، دو روہنگیا پناہ گزین گرفتار
قابل ذکر ہے کہ روہنگیائی پناہ گزین، میانمار سے تعلق رکھنے والے بنگالی زبان بولنے والی مسلم اقلیت ہیں جو بنگلہ دیش کے راستے سے ہندوستان میں داخل ہوئے اور جموں کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بطور پناہ گزین رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روہنگیائی مسلمانوں اور بنگلہ دیشی شہریوں سمیت زائد از 13 ہزار 7 سو غیر ملکی شہری جموں شہر سمیت جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں مقیم ہیں۔ سرکاری ڈاٹا کے مطابق سال 2008 سے سال 2016 تک ان کی آبادی میں 6 ہزار سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔