جموں:انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) نے سرینگر کے گنگ بگ علاقے میں کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے لگ بھگ کروڑوں روپیے مالیت کی 3.5 ہیراؤن جیسا مواد برآمد کی ہے۔
ایس ایس پی اے این ٹی ایف راج کمار نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 20 ستمبر کو سرینگر میں ایک آپریشن لانچ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 'آپریشن کے دوران شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کیرن سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ظہیر احمد کو ایک مصدقہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا، جس کی تحویل سے گنگ بگ سرینگر میں 3.5 کلو گرام ہیراؤن جیسا مواد برآمد کیا گیا جس کی قیمت کروڑوں روپیوں میں ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بر آمدگی ہماری اے این ٹی ایف کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے اور اس کی بر آمدگی سے اس کو استعمال کرنے والے کافی لوگوں کی جان بچے گی۔موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن سرینگر میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار اسمگلر کے پیچھے اور آگے کے روابط کو بے نقاب کرنے کے لئے مزید تفتیش جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'اسمگلروں کے اثاثوں کی بھی تحقیقات ہوگی اور جو اثاثے اس عمل سے حاصل کئے گئے ہوں گے ان کو ضبط کیا جائے گا'۔
مزید پڑھیں: War Against Drugs پلوامہ میں منشیات فروشوں کی پراپرٹی اٹیچ
کمار نے کہا کہ اس سال اے این ٹی ایف نے 15 ایف آئی آر درج کئے جن میں زیادہ تر یونین ٹریٹری کے مختلف حصوں میں منشیات کی تجارتی مقدار کی ضبطی سے متعلق تھے اور ملزمان کی گرفتاریاں جموں وکشمیر سے باہر جیسے دہلی، پنجاب، ہریانہ، گجرات میں بھی کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ کافی کیسز میں اچھی کارروائی چل رہی ہے کچھ بینک کھاتوں کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ منشیات سماج کو لاحق سب سے بڑا خطرہ ہے اور اس وبا کے خاتمے کے لئے ہماری عوام سے تعاون کرنے کی اپیل ہے۔