جموں: جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں منشی کے طور پر کام کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل مشتاق احمد کو ہفتے کے روز سی بی آئی نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی اور دوران تفتیش پولیس کانسٹیبل کی پراسرار حالت میں موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ ویمنز پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل مشتاق احمد کو تین ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل سے جب سی بی آئی افسران نے پوچھ تاچھ شروع کی تو ان کی حالت متغیر گئی۔ ہیڈ کانسٹیبل کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ان کی موت قریب رات ساڑھے آٹھ بجے ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: Constable Arrested in Jammu جموں میں سلیکشن گریڈ کانسٹیبل رشوت لیتے گرفتار
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی نے متوفی ہیڈ کانسٹیبل کو حراست میں لیا تھا اور پولیس کا اس تفتیش سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، نہ ہی اس معاملے میں پولیس کو کوئی رول ہے۔ ہیڈ کانسٹیبل کی کیسے اور کن حالات میں موت واقع ہوئی اس بارے میں سرکاری طورپر کچھ نہیں کہا گیا ہے اور نہ ہی سی بی آئی نے اس ضمن میں کوئی پریس ریلیز جاری کیا ہے۔ دریں اثنا ہیڈ کانسٹیبل کی موت کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یو این آئی