جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنما دیویندر سنگھ رانا نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت میں کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تمام خاندانوں کا ایک مستند 'ڈیٹا بیس' بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس میں شامل ہر خاندان کا ایک منفرد کوڈ ہوگا اور اس کا مقصد مختلف سماجی اسکیموں کے اہل استفادہ کنندگان میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ فیملی آئی ڈی الاٹ کرنے کے مجوزہ اقدام کا بھارتیہ جنتا پارٹی نے خیر مقدم کیا ہے لیکن دیگر جماعتوں نے ذاتی معلومات کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ Devendra Singh Rana Interview
ریاسی ضلع کے کٹرا میں 'ای گورننس' پر حالیہ قومی کانفرنس میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر نے ایک مستند، تصدیق شدہ اور قابل اعتماد 'ڈیٹا بیس' بنانے کے لیے 'ڈیجیٹل جموں کشمیر وژن ڈاکیومینٹ' جاری کیا تھا۔ ہر خاندان کو 'جے کے فیملی آئی ڈی' نامی ایک منفرد کوڈ فراہم کیا جائے گا۔ کوڈ انگریزی الفابیٹ اور ہندسوں پر مشتمل ہوگا۔ فیملی ڈیٹا بیس میں درج معلومات کو سماجی فوائد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس تعلق سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنما دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ اس سے جموں و کشمیر کے عوام کو فائدہ پہنچے گا جبکہ پی ڈی پی اور دیگر جماعتیں عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔