نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشمیر میں ہو رہی شہری ہلاکتوں کو روکنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد کی۔
نیشنل کانفرنس میں نئے کارکنوں کی شمولیت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی جانب سے شہری ہلاکتوں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’اس وقت فاروق عبداللہ کی سرکار نہیں، میں کچھ نہیں کر سکتا، ہلاکتوں کو روکنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔‘‘
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ’’اس وقت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی اور جموں وکشمیر میں انتظامات اور اختیارات کی ذمہ دار ہے اور ہلاکتوں کی وجہ تلاش کرنے اور انہیں روکنے کی پوری ذمہ داری بی جے پی کی مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔‘‘
انہوں نے شہری ہلاکتوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جموں و کشمیر کے صدیوں پرانے بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو زک پہنچتا ہے۔
اس سے قبل نیشنل کانفرنس کی جانب سے جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیگر کئی سیاسی پارٹیوں کے کارکنان نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔
مزید پڑھیں: انتظامیہ کشمیری عوام کو اجتماعی سزا دے رہی ہے: محبوبہ مفتی
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے کے لئے آپسی اتحاد اشد ضروری ہے۔‘‘
پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’جموں و کشمیر میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی فتح یقینی ہے۔‘‘