گاندربل: سالانہ امرناتھ یاترا 30 جون سے شروع ہونے والی ہے اور 11 آگست کو ختم ہوگی۔ پچھلے دو برسوں میں کورونا وبا کی وجہ سے امرناتھ یاترا نہ ہو سکی تھی۔ ضلع انتظامیہ گاندربل نے بالتل بیس کیمپ میں تمام انتظامات تقریباً مکمل کر لیے ہیں، جس کے لیے سکیورٹی فورسز کے تمام دستوں کو یاترا روٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ان فورسز میں فوج ،سی آر پی ایف، بارڈر سکیورٹی فورس اور جموں کشمیر پولیس کے جوان قابل ذکر ہیں۔
سیکنڑوں کی تعداد میں سکیورٹی فورسز کے مشترکہ دستوں کو بالتل اور بالتل سے آگے گھپا والے راستوں پر تعینات کیا گیا ہے، جب کہ چپے چپے پر ہر آنے جانے والے مزدوروں، یاترا ڈیوٹی پر تعینات ملازمین یا خانہ بدوش لوگوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ بالتل بیس کیمپ میں ان دنوں محکمہ بجلی، محکمہ جل شکتی، جنگلات، فوڈ اینڈ سپلائیز، فائر اینڈ ایمرجنسی کے علاوہ تمام متعلقہ محکمہ کے افسران کی ہدایت پر ملازمین اور دیگر مزدوروں کی طرف سے یاتریوں کے لیے انتظامات کے کام شدومد سے جاری ہے اور آنے والے دنوں میں یہ سارے کام مکمل ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:
- Amarnath Yatra 2022: کشمیر میں سیکورٹی ایجنسیز کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ
- Amarnath Yatra 2022: نتیشور کمار نے امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا
امسال وادی کشمیر میں چھ سے آٹھ لاکھ یاتری امرناتھ یاترا کے لیے متوقع ہیں۔ کیونکہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 2020 اور 2021 کے دوران یاترا منعقد نہیں ہو سکی تھی، جب کہ 2019 میں جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کرنے سے پہلے کے واقعات کی وجہ سے اس میں خلل پڑا تھا۔ واضح رہے کہ چند ہفتوں کے دوران سالانہ امرناتھ یاترا شروع ہورہی ہے۔ 43 دنوں تک جاری رہنے والی یہ یاترا مذہبی روایات کے مطابق رکشا بندھن کے روز ختم ہوگی۔