ضلع گاندربل کے واکورہ علاقے سے آئے درجنوں افراد نے ڈی سی آفس کے باہر صفاپورہ - دودرہامہ شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں شامل افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی نقل و حرکت بند کردی۔
احتجاج کررہے مرد و زن نے بتایا کہ تین روز قبل سونامرگ کے ہنگ علاقے میں المناک حادثے کے دوران ایک جی سی بی سڑک سے لڑھک کر نالہ سندھ میں جاگرا تھا جس کے نتیجے میں کنڈکٹر غرقاب ہوگیا جس کی جسد خاکی بازیاب کرنے میں انتظامیہ ناکام ثابت ہوچکی ہے۔
احتجاج کررہے مظاہرین نے کہا کہ انہیں جے سی بی کنڈکٹر کے زندہ ہونے کی کوئی امید نہیں ہے تاہم وہ انتظامیہ سے اپنے لخت جگر کی جسد خاکی کو ڈھونڈ نکالنے کی اپیل کررہے ہیں تاکہ اس کی تجہیز و تکفین مذہبی روایات کے مطابق انجام دی جاسکے۔
قابل ذکر ہے کہ تین روز قبل سونامرگ میں جے سی بی نالہ سندھ میں جاگرا تھا جس کے بعد بچاؤ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ڈرائیور کو بچالیا گیا تھا تاہم اس دوران گزہامہ، واکورہ کے رہنے والے جے سی بی کنڈکٹر عرفان احمد بٹ ولد بشیر احمد غرقاب ہوگئے تھے۔
- مزید پڑھیں: گاندربل: نالہ سندھ میں ڈوبنے والے جے سی بی کنڈکٹر کی تلاش جاری
- یہ بھی پڑھیں: گاندربل: سڑک حادثے میں چار افراد شدید زخمی
انتظامیہ کی جانب سے عرفان احمد کو بازیاب کرنے کے لیے ٹیم روانہ کی تھی تاہم لواحقین نے عرفان احمد کی جسد خاکی کو بایاب کرنے کے لیے فوج اور ماہر غوطہ خوروں کی مدد طلب کرنے کی اپیل کی ہے۔
پولیس کی جانب سے احتجاجی مظاہرین کو انکے لخت جگر کی جسد خاکی کو بازیاب کرنے کے عمل میں سرعت لائی جانے کی یقین دہانی کے بعد انہوں نے احتجاج ختم کیا۔