ناظم دیہی ترقی کشمیر طارق احمد زرگر نے آج ضلع گاندربل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں رورل ڈیولپمنٹ کے زیر نگرانی ہورہے مختلف اسکیموں پر کام کاج اور مالیاتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں اے سی ڈی گاندربل بلال مختار، ایگزیکٹیو انجینیئر گاندربل، بلاک ڈیولپمنٹ افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ناظم دیہی ترقی کشمیر نے مختلف پروگراموں پر ہورہے کام کا جائزہ لیا، جن میں منریگا، 14 ایف سی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ناظم دیہی ترقی کو ضلع میں منظور شدہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل رپورٹ پیش کیں۔
ضلع میں ڈی ڈی سی/بی ڈی سی دفاتر کی تعمیر سے متعلق کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ناظم دیہی ترقی نے اے سی ڈی کو ہدایت کی کہ وہ منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق اور تمام ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر کام میں تیزی لائیں، میٹنگ میں ناظم دیہی ترقی نے گرام سبھا کے باقاعدہ انعقاد پر زور دیا۔
انہوں نے عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان کے ازالے کے تحت دیہی ترقی اسکیموں کے رہنما خطوط اور فوائد کے بارے میں عام لوگوں کو آگاہ کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے بلاک ڈیولپمنٹ افسران و دیگر متعلقہ عہدیداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ جاری کاموں کی معیار کی نگرانی کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں دورہ کریں۔