ڈوڈہ (جموں و کشمیر) : پہاڑی ضلع ڈوڈہ پی ایم - شری PM-SHRIاسکیم کے تحت یو ٹی جموں و کشمیر کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے لئے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی ایک بس کو ڈی سی ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے گورنمنٹ ہائی اسکول سولی سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم سمیت سیول انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ جبکہ تعلیمی ٹور پر روانہ ہونے والے طلبہ میں کافی جوش و خروش تھا۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری اسکولز فار رائزنگ انڈیا PM-SHRI اسکیم کا اعلان یوم اساتذہ کے موقع پر کیا تھا۔
طلبہ کو روانہ کرنے سے قبل ڈی سی ڈوڈہ نے ٹور پر روانہ ہونے والے طلبہ سے بات چیت کی اور انہیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے کہا: ’’ اس پہل سے نہ صرف ملک بھر کے 14,500اسکولوں کو اپگریڈ کیا جائے گا بلکہ طلبہ کو پریکٹیکل علوم سے آراستہ کرنے کی غرض سے ٹور پر بھی روانہ کیا جائے گا۔‘‘
مزید پڑھیں: تاریخی مقامات کا دورہ کرکے طالبات واپس جموں پہنچیں
گورنمنٹ ہائی اسکول سولی سے روانہ ہونے والے طلبہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں طلبہ کو بغلیہار ڈیم کا دورہ کرایا جائے گا جہاں وہ ہائیڈل پاور پروجیکٹ کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو دیگر تاریخی و ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرایا جائے گا جو طلبہ کے لیے سود مند ثابت ہونے کی امید ہے۔