قومی دارالحکومت دہلی سے متصل ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے نوئیڈا علاقے میں میڈیکل اسٹورز پر معیاری ادویات اور اس کی دستیابی اور خرید وفروخت کے ریکارڈ کی جانچ کے لیے ڈرگ انسپکٹر ویبھو ببر نانگلہ چرن سنگھ، پولیس سٹیشن فیز-2 پہنچے۔
مین مارکیٹ ننگلہ چرن سنگھ میں میڈیکل سٹور کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے پتہ چلا کہ رما میڈیکل سٹور چلانے کا کوئی لائسنس نہیں ہے۔
جس کے بعد آپریٹر وریندر سنگھ ولد دیویندر سنگھ کے میڈیکل سٹور سے تمام ذخیرہ شدہ دوائیں موقع پر ہی ضبط کرلی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ ضبط کی گئی دوئیاں کی مارکیٹ ویلیو 50 سے 60 ہزارروپے کے قریب ہے تاہم اس کے بعد میڈیکل سٹور کو فوری طور پر سیز کردیا گیا ہے۔
جب یہ خبر علاقے میں پھیلی تو آس پاس کے میڈیکل سٹور مالکان دکان بند کرکے فرار ہو گئے، ڈرگ انسپکٹر ویبھو ببر نے بتایا کہ دو دواؤں کے نمونے لیبارٹری میں جانچ کے لیے بھیجے جارہے ہیں، جن کی رپورٹ موصول ہونے پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ڈرگ اور کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے سیکشن 18/27 کے تحت مقدمہ درج کرایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی ہدایت پر تمام میڈیکل سٹورز پر معیاری ادویات کے ساتھ ضلع میں ہر قسم کی دوائیوں کے فروخت کو یقینی بنانے کے لیے اسی طرح کی مہم چلا کر میڈیکل سٹورز کی جانچ کی جائے گی۔