صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے منگل کو ضلع بڈگام کے شیخ پورہ میں قائم مائگرنٹ پنڈت کالونی کا دورہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا اور ایس ایس پی بڈگام بھی انکے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے پنڈت کالونی کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم کشمیری پنڈتوں سے بات چیت کی۔
انہوں نے پنڈتوں کے مسائل سنے اور انکے لئے سکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جا رہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سرینگر شہر میں نامعلوم عسکریت پسندوں کی جانب سے عام شہریوں پر قاتلانہ حملوں کے نتیجے میں کئی افراد کو ہلاک کیا گیا جن میں معروف کیمسٹ مکھن لال بندرو بھی شامل ہے۔ بندو کے علاوہ سنگم عیدگاہ میں ایک گورنمنٹ اسکول میں تعینات خاتون پرنسپل سمیت دو ٹیچرز کو قتل کر دیا گیا تھا، دونوں اقلیتی طبقے سے تعلق رکھتے تھے۔
اقلیتی طبقے سے وابستہ افراد کے قتل کے بعد وادی کشمیر کے باشندوں خصوصا سکھ برادری اور پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے افراد میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
خوف و ہراس کے بیچ وادی کشمیر میں مقیم بعض پنڈت کنبوں نے جموں ہجرت کی۔
مزید پڑھیں: حملوں سے خوفزدہ کشمیری پنڈت نقل مکانی کرنے پر مجبور
عسکریت پسندوں کی جانب سے اقلیتوں پر حملوں میں اضافے کے پیش نظر وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں قائم پنڈت کالونی شیخ پورہ سمیت دیگر پنڈت کالونیز میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پنڈت کالونی شیخ پورہ میں رہائش پذیر پنڈتوں سے ملاقات اور انہیں سیکورٹی پر بھروسہ رکھنے کے لئے منگل کو صوبائی کمشنر پی کے پولے نے پنڈت کالونی کا دورہ کرکے انہیں یقین دہانی کرائی کہ انکی سکیورٹی کا پوری طرح سے خیال رکھا جائے گا۔