بارہمولہ: شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر سوپور کے دور افتادہ گاؤں یمبرزلواری میں یک روزہ سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تیس برسوں میں پہلی مرتبہ اسکول کے اندر سیرت النبی کانفرنس پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ سیرت کانفرنس میں سینکڑوں طلبا نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں نعت پیش کی گئی۔ Biographical Conference at Yamberzalwari Village in Sopore
یہ بھی پڑھیں:
اس پروقار اور پرنور تقریب کے موقع پر طلباء کے علاوہ مذکورہ اسکول کے ساتھ قریبی پرائمری اسکول مربل اور پرائمری اسکول یمبرزلواری کے طلباء بھی موجود تھے۔ سیرت کانفرنس کے مہمان خصوصی اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالمجید لون نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طلباء کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے بارے میں آگاہ کیا اور اسکول انتظامیہ کو اس طرح کے شاندار انعقاد پر بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم وہ واحد شخصیت ہیں جو مذہبی، سائنسی اور سیکولر نقطہ نظر سے ہر سطح پر بے انتہا کامیاب رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دنیا کو امن کی ضرورت ہے تو اس کا متبادل صرف محمد (ﷺ) کی سیرت ہے۔ اسکول کے طلباء نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے نعت سرور، سیرت کوئز اور تقاریر بھی پیش کیں۔
یہ علاقہ سوپور کے تحصیل ہیڈکوارٹر سے تقریباً پچیس کلو میٹر دوری پر واقع ہے۔ یہ اسکول زینہ گیر یمبرزلواری پہاڑی کی بالائی پٹی میں واقع ہے۔ طلباء کے والدین نے ہیڈ ماسٹر اور اس اسکول کے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا کہ وہ ان بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑتے ہیں۔
اس پروگرام کی میزبانی سیکنڈری اسکول یمبرزلواری کے اسٹاف ممبر جاوید احمد وانی نے کی۔ جاوید احمد وانی نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسکول میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی مبارک تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ پروگرام کے اختتام پر ماسٹر فاروق احمد لون نے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مقابلے کے اختتام پر طلباء میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔