اننت ناگ: وکست بھارت سنکلپ یاترا کے تحت اننت ناگ کے سیر ٹاؤن ہال میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کی قیادت ضلع کے اے ڈی سی ریاض احمد شاہ نے کی، جبکہ اس موقع پر میونسپل کمیٹی مٹن و سیر کے ایگزیکٹو افسر، پولیس اور سول انتظامیہ کے کئی افسران کے علاوہ سیول سوسائٹی کے ممبران اور عام لوگوں کی اچھی تعداد نے شرکت کی۔ وکست بھارت سنکلپ یاترا کا مقصد صفائی ستھرائی، اقتصادی خدمات، بجلی، مکانات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور فلاح وبہبود سے متعلق اسکیموں کے فائدے کو ہر ایک شہری تک پہنچانا ہے۔ملک بھر میں منعقد کی جانے والی اس یاترا کا مقصد آئی ای سی کی سرگرمیوں کے علاوہ کمیونٹی ویلفیئر کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔
ٹاؤن ہال سیر اننت ناگ میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران ایک رنگا رنگ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف اسکولی بچوں نے کلچرل پروگرام پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس دوران مختلف محکموں نے اسٹال بھی لگائے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے تعلیم، ٹیکنالوجی اور اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی سمیت ترقی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ تقریب ترقی پسند بھارت کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘
تقریب کے دوران اے ڈی سی نے کہا کہ ’’وکست بھارت سنکلپ یاترا ایک تبدیلی کا سفر بننے کے لیے تیار ہے، جو ضلع اننت ناگ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھے گی۔ اے سی ڈی نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ یاترا میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ کے لیے حکومت اور کمیونٹی کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ پائیدار ترقی کے حصول اور ضلع کے مجموعی سماجی و اقتصادی تانے بانے کو بلند کرنے کے لیے لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملا کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں:
اس موقع پر مقامی لوگ کافی خوش نظر آ رہے تھے, ایک چھابڑی فروش نے وزیر اعظم کی کافی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی اسکیوں سے عام لوگوں کو راحت ملی ہے اور آج ان سکیموں سے غریب طبقے کے لوگوں کو راحت فراہم ہو رہی ہیں۔