پہلگام (جموں و کشمیر) : جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جونبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام کا دورہ کیا۔ انہوں نے چندن واڑی اور نن ون بیس کیمپس میں امرناتھ یاتریوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایل جی کے ہمراہ صوبائی کمشنر وجے کمار بھدوری، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد، ایس ایس پی اننت ناگ امرناتھ یاترا کے نوڈل افسر ڈاکٹر پیوش سنگلا و دیگر کئی محکمہ جات کے افسران بھی تھے۔
دورے کے دوران ایل جی نے پہلگام کے چندن واڑی اور نُن ون بیس کیمپس میں یاتریوں کے لئے کیے گئے انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایل جی نے مختلف محکمہ جات سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے افسران کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان سے امرناتھ یاتریوں کے لئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ متعلقہ افسران نے بیس کیمپس اور گھپا تک آنے والے تمام پڑاؤ پر یاتریوں کی سہولیات کے لئے تمام تر انتظامات کے بارے میں ایل جی کو آگاہ کیا۔
ایل جی منوج سنہا نے آپسی تال میل کے ساتھ یاتریوں کی ہر ممکن سہولیات کو یقینی بنانے پر سراہنا کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اسی طرح آپسی تال میل کو بنائے رکھیں تاکہ یاترا کو پُر امن اور خوشگورا طریقہ سے انجام دیا جا سکے۔ جاری یاترا کے ہموار انعقاد پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ ’’مجھے پوری ٹیم، شرائن بورڈ، جموں و کشمیر پولیس، سی اے پی ایف، فوج ، بی آر او، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ماؤنٹین ریسکیو ٹیموں، خدمات فراہم کرنے والوں، مقامی شہریوں پر قابل ستائش کام اور یاترا کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے پر بہت فخر ہے۔ یکجہتی، عزم اور تیاری کے ذریعے ہم مستقبل کے کسی بھی چیلنج پر قابو پالیں گے۔‘‘
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra 2023 امرناتھ یاتریوں کا بیسواں جتھا جموں سے روانہ
خراب موسم کی صورت میں یاتریوں کے لیے آرام قیام و طعام، طبی، صفائی، پانی اور دیگر سہولیات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران ایل جی نے بیس کیمپس میں موجود یاتریوں سے بھی ملاقات کی جس دوران سرکار کی جانب سے سکیورٹی سمیت تمام دیگر انتظامات پر یاتریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔