اننت ناگ: جموں و کشمیر میں گذشتہ پانچ روز سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو چھونے لگی ہے۔ وہیں شہر و گاؤں کی سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ Rain Lashes Kashmir
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کے سنگم علاقے میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ گئی ہے۔ دوپہر کے بعد یہاں پانی کی سطح 21 فٹ کو عبور کر گئی۔ اگرچہ پانی خطرے کے نشان کو عبور کر گیا تاہم کسی بھی جگہ سے پانی دریا کے باندھ یا کنارے کے پار نہیں گیا، جس کی وجہ سے کوئی بڑی سیلابی صورتحال کا سامنا نہیں ہے۔ دوپہر کے بعد موسم میں بہتری آتے ہی پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کا سلسلہ تھم گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی پانی کی سطح میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ Flood Situation in Kashmir
انہوں نے کہا کہ سرینگر کے رام منشی باغ میں دریائے جہلم کی سطح آگرچہ بڑھ گئی ہے تاہم ابھی خطرے کے نشان تک نہیں پہنچی ہے۔ حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی پانی کی سطح میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد ورفت بنانے کے لیے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ شاہراہ پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سینکڑوں کی تعداد میں ٹرکیں، مسافر بردار اور سیاحوں سے بھری گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کی خاطر اگر چہ ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے تاہم لگاتار بارشوں کے باعث اُنہیں دقتیں پیش آرہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد و رفت بنانے کے لئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوج کی شمالی کمان سے مدد طلب کی گئی ہے تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جاسکے۔ قابل ذکر کہ ٹنل کے آر پار موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں بھیانک طغیانی آئی ہوئی ہے جس کے پیش نظر متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔