اننت ناگ (جموں کشمیر) : ’’کشمیر، جموں اور لداخ کی سبھی چھ پارلیمانی نشستوں پر ’انڈیا‘ الائنس جیت حاصل کرے گی۔ کیونکہ یہاں کی عوام نئی دہلی میں تبدیلی لانے کے لیے پر عزم ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار کانگریس پارٹی کے نو منتخب جرنل سیکریٹری اور سابق رکن اسمبلی غلام احمد میر نے جنوبی کشمیر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ کانگریس کا قومی جنرل سیکریٹری منتخب کیے جانے کے بعد آج غلام احمد میر کشمیر پہنچے اور قاضی گنڈ میں ان کا مداحوں، کانگریس کارکنان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
غلام احمد میر نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران دعویٰ کیا کہ جموں کشمیر سمیت لداخ کی سبھی پارلیمانی نشستوں پر انڈیا الائنس جیت حاصل کرے گی کیونکہ ’’انڈیا‘‘ الائنس ملک میں جمہوری نظام کی بحالی کے لیے انتخابات میں شرکت کر رہی ہے اور اسی مقصد کے لیے یہاں کی عوام بھی کانگریس، انڈیا الائنس کے ساتھ ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی پارٹی جموں کشمیر کی زمین، یہاں وسائل، نوکریوں اور ثقافتی تحفظات کے لیے لڑے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ریاستی کانگریس کے سابق صدر غلام احمد میر کو حال ہی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جرنل سیکریٹری عہدے پر پارٹی کی جانب سے فائز کیا گیا اور مغربی بنگال سمیت جھارکھنڈ کی دو ریاستوں کی ذمہ داری بھی سونپی گئی۔ جرنل سیکرٹری بننے کے بعد آج میر کی کشمیر واپسی پر قاضی گنڈ ٹنل کے قریب پارٹی ورکران نے ان کا استقبال کیا۔ اس استقبالیہ تقریب میں درجنوں کانگریس ورکران کے علاوہ کانگریس لیڈران نے بھی غلام احمد میر کا پر زور استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: G A Mir on Kargil Election: کرگل میں ہار سے بی جے پی کو سبق سیکھنا چاہئے، جی اے میر
اس موقع پر میر نے پارٹی ورکران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کے لئے کام کریں۔ اس موقع پر میر کے ہمراہ پارٹی کے ریاستی صدر وقار رسول، سنیئر لیڈر رمن لال بھلا، طارق حمید قرہ بھی شامل رہے۔