سرینگر (نیوز ڈیسک): امرناتھ یاترا 2023کے رسمی اور باقاعدہ اختتام کے لئے چھڑی مبارک کو پنچترنی سے مقدس گپھا پہنچایا گیا، جہاں سادھو گرو پاجا پاٹ انجام دیں گے۔ 62دن طویل یاترا یکم جولائی 2023کو شروع ہوئی تھی اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کیے، تاہم یاتریوں کا آخری دستہ 23 اگست کو مقدس گپھا کے لیے روانہ ہوا تھا اور اس کے بعد سے یاترا معطل ہے۔
چھڑی مبارک گزشتہ روز پنچترنی پہنچی جہاں سے روایتی طور سادھوؤں نے چھڑی مبارک کو آج امرناتھ گپھا پہنچایا جہاں روایتی پوجا پاٹ انجام دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ امسال یاترا کے آغاز کے دوران یاتریوں کا اچھا خاصا رش رہا۔ تاہم، بعد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی یاتریوں کی تعداد میں کمی شروع ہو گئی جس نے حکام کو یاترا مقررہ وقت سے ایک ہفتہ قبل ہی معطل کرنے پر مجبور کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کئی برسوں بعد یاتریوں کی تعداد میں ریکارڈ توڑ رہی اور امسال تقریباً 4.5 لاکھ یاتریوں نے گپھا کا دورہ کیا۔
گزشتہ برسوں کے دوران امرناتھ یاترا میں لوگوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ 2012 میں گپھا کے درشن کرنے والے 6 لاکھ سے زیادہ یاتریوں کے مقابلے میں 2022 میں یہ تعداد 3 لاکھ تک سمٹ چکی تھی، تاہم یہ تعداد اس سال 4.5 لاکھ تک پہنچ گئی۔ 62 روزہ یاترا کا آغاز رواں برس یکم جولائی کو ہوا تھا اور آج ’’چھڑی مبارک‘‘ کی روایتی پوجا کے ساتھ ہی یاترا اختتام ہوگی۔ عہدیدار نے بتایا کہ چھری مبارک کے محافظ مہنت دیپندر گری کی قیادت میں سادھوؤں کا ایک وفد چھری مبارک کو لے کر جمعرات کو امرناتھ گپھا پہنچا جبکہ سابق شب سادھوؤں نے پنجترنی میں گزاری تھی۔
مزید پڑھیں: Chhari Mubarak In Pampore خصوصی پوجا پاٹھ کے بعد چھڑی مبارک پامپور شیو مندر سے روانہ
قابل ذکر ہے کہ 145 کلو میٹر لمبی چھڑی مبارک یاترا سرینگر کے دشنامی اکھاڑے سے شروع ہوتی ہے اور راستے میں پانپور، بجبہاڑہ، اننت ناگ، مٹن، عیشمقام اور آخر میں پہلگام میں چھڑی مبارک کا ہون انجام دیا جاتا ہے۔ آخری پڑاؤ امرناتھ گپھا پہنچنے سے قبل سادھوؤں کا گروپ پہلگام میں دو دن تک آرام کرتا ہے۔ عام طور پر چھری مبارک کے ہمراہ سادھو پہلگام میں دو راتیں گزارتے ہیں - ایک چندنواڑی میں اور دوسری شب شیش ناگ میں قیام ہوتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پنچترنی روانہ ہونے سے قبل بدھ کی صبح دوبارہ چھڑی مبارک کی پوجا کی گئی۔ آج 31 اگست کو، شراون پورنیما کے موقع پر، چھری مبارک کو امرناتھ گپھا طلوع آفتاب سے قبل پہنچایا گیا اور طلوع کے ساتھ ہی روایتی پوجا پاٹ شروع کی گئی۔
یاد رہے کہ امسال امرناتھ یاترا کے لئے جموں کشمیر انتظامیہ کی جانب سے فقید المثال انتظامات کیے گئے تھے، جن میں یاتریوں کے لیے کھانے پینے، رہائش اور سیکورٹی انتظامات قابل ذکر ہیں۔