سعودی عرب نے کورونا کے نئے اسٹرین کو پھیلنے سے روکنے کے لیے غیر ملکی پروازوں پر لگائی گئی پابندی کی مدت ایک ہفتے اور بڑھا دی ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نیوز ایجنسی ایس پی اے نے یہ اطلاع دی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کورونا کے نئے اسٹرین کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کے لیے 21 دسمبر کو بین الاقوامی پروازوں، بحری راستوں اور سرحدوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایجنسی نے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد شہریوں کی حفاظت کو توجہ میں رکھتے ہوئے بین الاقوامی سفر پر لگائی گئی پابندی کی مدت کو ایک ہفتے کے لیے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں خاتون کارکن کو پانچ برس قید کی سزا
ایجنسی نے کہا ہے کہ اس پابندی کا خوردنی اشیا اور دیگر اشیا کی سپلائی پر اثر نہیں ہوگا۔ ایجنسی نے کہا کہ غیر مقیم لوگوں کو وزارت صحت کے ذریعہ احتیاطی اقدامات کے ساتھ اپنے ملک جانے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے سامنے آنے کے بعد دنیا کے کئی ملکوں نے احتیاط کے طورپر بین الاقوامی سفر پر پابندی لگا دی ہے۔ کورونا کا نیا اسٹرین برطانیہ کے علاوہ کناڈا ،ڈین مارک، بیلجیم ،نیدرلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا ،لبنان اور اردن میں پایا گیا ہے۔