رپورٹس کے مطابق حیدرپورہ میں سید علی شاہ گیلانی کی رہائش گاہ پر واقع تحریک حریت کے دفتر سے سائن بورڈ کو ہٹادیا گیا ہے۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تحریک حریت کے کچھ ارکان نے دفتر سے سائن بورڈ کو ہٹادیا ہے، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہ ہوسکا کہ حریت کے دفتر سے سائن بورڈ ہٹانے کی اصل وجہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حریت کانفرنس پر 'یو اے پی اے' کے تحت پابندی عائد کرنے کا امکان
واضح رہے کہ سوشیل میڈیا پر خبریں وائرل ہیں کہ علاحدگی پسند جماعت حریت کانفرنس کے دونوں گروپس یعنی میر واعظ عمر فاروق اور سید علی شاہ گیلانی پر یو اے پی اے کے تحت پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
یہاں یہ بھی تذکرہ ضروری ہوگا کہ پاکستانی میڈیکل کالجز میں کشمیری طلبہ کو ایم بی بی ایس سیٹیں دلوانے سے متعلق سکیورٹی ایجنسیوں کی تحقیقات میں اعلیٰ عہدیداروں کے مطابق پتہ چلا ہے کہ بعض علاحدگی پسند جماعتیں کشمیری طلبہ سے پاکستانی کالجز میں سیٹوں کے عوض مبینہ رقم وصول کررہی تھیں اور اس رقم کو مبینہ طور پر شدت پسندی میں استعمال کیا جارہا تھا۔