جموں و کشمیر کے کنگن میں کچھ روز قبل بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں بڑے پیمانہ پر تباہی ہوئی تھی۔ آج ڈی سی گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے لوگوں تک امداد پہنچائی۔ ڈی سی کے دورہ کے موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر، ایس ڈی ایم کنگن، کنگن کے تحصیلدار اور دیگر محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔
ڈی سی نے سیلاب سے متاثرہ علاقے سرفراو اور ہری گانوان دیہاتوں کا دورہ کیا یہاں بادل پھٹنے سے بڑے پیمانہ پر تباہی ہوئی ہے۔ ایس ڈی ایم کنگن نے سیلاب کے دوران کئے گئے ریلیف و ریسکیو کاموں سے متعلق ڈی سی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ دیہات میں فی الوقت تمام ضروری خدمات کو بحال کیا گیا ہے۔
کرتیکا جیوتسنا نے ایس ڈی ایم کنگن کو فوری طور پر تباہ شدہ انفراسٹرکچر جیسے پلوں، سڑکوں وغیرہ کی مرمت کےلیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مویشیوں، فصلوں اور املاک کے نقصان کا بھی جلدازجلد جائزہ لینے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
گاندربل: سیلابی صورتحال کے بعد راحت رسانی کا کام جاری
دورہ کے دوران ڈی سی نے گاؤں والوں سے ملاقات کی۔ مقامی افراد نے انہیں درپیش مسائل سے واقف کروایا۔ ڈی نے کہا کہ دورہ کا مقصد زمینی صورتحال کا جائزہ لینا اور متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی اور معمول کی زندگی بحال کرنے کےلیے مناسب اقداما کئے جائیں گے۔ جیوتسنا نے ڈی ڈی سی ممبر اور مقامی پی آر آئی کے ساتھ متاثرہ خاندانوں میں راشن کے پیکٹ تقسیم کیے۔