شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سُمبل سوناواری گورنمنٹ ڈگری کالج کی جانب سے ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وادی کشمیر کے کئی ممتاز شعراء نے شرکت کی اور مشاعرے کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم رول ادا کیا۔ ڈائریکٹر ڈیپارٹمنٹ آف ہائر ایجوکیشن جموں و کشمیر، پروفیسر یاسمین آشائی اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شامل رہیں۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کے ساتھ ساتھ جی ڈی سی سمبل کے پرنسپل پروفیسر محمد شفیع خان، سب ضلع مجسٹریٹ سمبل ڈاکٹر بشیر لون جی ڈی سی اجس کے پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) کوثر پروین، پرنسپل جی ڈی سی حاجن ڈاکٹر ہدا ودیگر حضرات و خواتین بھی سبھی شامل رہیں۔
خطبہ استقبالیہ کالج کے اسٹاف سیکرٹری ڈاکٹر معراج حاجنی نے پیش کیا اور کلیدی خطبہ کالج کے پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) محمد شفیع خان نے پیش کیا۔ پروگرام کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے پروفیسر خان نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ہمارے ابھرتے ہوئے شاعروں کو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مستقبل قریب میں بھی اس قسم کے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر (ڈاکٹر) یاسمین اشائی نے کہا کہ شاعری ادب کا سب سے اہم حصہ ہے اور اسی ذریعے سے ہم اپنے جذبات و احساسات کو بہتر اور مناسب طریقے سے پیش کرسکتے ہیں۔
- مزید پڑھیں: پلوامہ میں محفل مشاعرہ و موسیقی
انہوں نے کہا کہ یہ خدا کی جانب سے ودیعت کردہ فن ہے اور خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو شاعری کے فن سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے نئی تعلیمی پالیسی کی اہمیت اور جموں و کشمیر کے اعلیٰ تعلیم کے محکمے کے تازہ اقدامات کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی تاکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں سے نکلنے والے طلبہ فقط سرکاری ملازمت کے پیچھے بھاگنے کے بجائے روزگار کے مواقع خود پیدا کر سکیں۔
اس موقع پر ضلع بانڈی پورہ اور گاندربل ضلع کے متعدد سرکردہ شعراء نے اپنا کلام پیش کیا اور شاعری کا شوق و ذوق رکھنے والے شرکاء کو اپنے کلام سے محظوظ کیا۔