جموں: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پیر کی شام کو دو روزہ دورے پرجموں پہنچے جہاں ائر پورٹ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، بی جے پی صدر رویندر رینہ، کویندر گھپتا اور دوسرے سینئر لیڈران نے اُن کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ کے جموں دورے کے پیش نظر پورے صوبے میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔Amit Shah arrives at Jammu Airport
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امت شاہ پیر کی شام کو جموں کے ہوا ئی اڈے پر پہنچے جہاں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ سیول و سیکورٹی عہدیداروں نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ ہوائی اڈے سے سیدھے راج بھون جموں کی طرف روانہ ہوئے جہاں پر وہ سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آرمی اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران ایک روز قبل ہی جموں پہنچ گئے تھے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر بالخصوص جموں صوبے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکام نے جموں صوبے کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے۔
یو این آئی