بارہمولہ: پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے میں لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) سے وابستہ دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس اور سی آر پی ایف کی 176 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر کنزر کے مونچھ کھڈ گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران دو مشکوک افراد کو پکڑا گیا، جن کی شناخت خورشید احمد خان ولد مشتاق احمد خان اور ریاض احمد خان ولد غلام محی الدین خان ساکنان زنڈپال کنزر کے بطور کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ پوچھ تاچھ کے دوران دونوں نے انکشاف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) کے ساتھ کام کر رہے تھے اور دونوں کو گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں:۔ TRF Militants Arrested سرینگر میں ٹی آر ایف کے دو عسکریت پسند گرفتار، پولیس
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے اے کے 47 رائفل کے 2 میگزین، اے کے47 رائفل کی 15 گولیاں، اور کالعدم تنظیم لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) کے 20 خالی پوسٹر بر آمد کئے گئے۔ بیان کے مطابق عسکریت پسندوں نے یہ غیر قانونی اسلحہ کنزر اور ملحقہ علاقوں میں عسکری کارروائیاں انجام دینے کی غرض سے حاصل کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنزر میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔