اننت ناگ: جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں واقع کری کدل نامی ڈمپنگ سائٹ سے مقامی عوام پریشانیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ مذکورہ ڈمپنگ سائٹ میونسپل کمیٹی بجبہاڑہ کی جانب سے گزشتہ کئی سال قبل بنائی گئی تھی جبکہ ڈمپنگ سائٹ سے متصل ایک نالہ بہتا ہے جس کا پانی اس ڈمپنگ سائٹ کی وجہ سے کافی آلودہ ہو چکا ہے۔ لوگ اس پانی کو اپنی ضروریات زندگی کے لئے استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ انتہائی پریشان ہیں۔ یہاں جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کا انبار لگا ہوا ہے۔ Kirre kadal dumping site should be moved
مقامی لوگوں کا کہنا ہے یہ ڈمپنگ سائٹ غیر موزوں جگہ پر قائم کی گئی ہے اور اِس کے اثرات بہت ہی تباہ کن ہیں کیونکہ اس سے آبی وسائل آلودہ ہو رہے ہیں اور بارش کے موسم میں پانی ہماری زرخیز زمینوں میں داخل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے زندگی پر بھی منفی اثرات مُرتب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نالہ میں غلاظت جمع ہونے سے بدبو پیدا ہوجاتی ہے جس کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں پریشانی ہوتی ہے اور مختلف بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ گرمیوں کے ایام میں مچھروں اور دیگر کیڑوں و مکوڑوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے وبائی بیماری پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں:۔ River Turned Into Dumping Site in Bijbehara: بجبہاڑہ کی ندی ڈمپنگ سائٹ میں تبدیل
مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ 'اس ڈمپنگ سائٹ سے متصل علاقوں کے لوگ اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی کوڑا کرکٹ ڈالنے آتے ہیں جس کے خلاف میونسپل عملے نے کبھی کوئی کاروائی نہیں کی اور ہمیشہ اس معاملہ میں تساہلی کا مظاہرہ کیا۔ اس سلسلے میں اُنہوں نے اعلیٰ حکام سے کئی بار اپیل کی تھی کہ ڈمپنگ سائٹ کو دوسری جگہ منتقل کیا جائے تاہم آج تک میونسپل کمیٹی نے کوئی کاروائی نہیں کی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے اس سلسلے میں جب میونسپل کمیٹی بجبہاڑہ کے ایگزیکیٹو انجینئر سہیل ملک سے بات کی، تو انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ بلدیات کے ناظم کے بڑے مشکور ہیں جنہوں نے بجبہاڑہ کو ایک ویسٹ منیجمنٹ سینٹر فراہم کیا، جس کے لئے انہوں نے حیار علاقے میں زمین مختص کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران مذکورہ پروجیکٹ پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے یہ ایک اچھا اقدام ہے، جس کو قصبہ بجبہاڑہ کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ سے نکلنے والے سارے کوڑے کو مذکورہ پروجیکٹ پر لا کر ڈسپوز آف کیا جائے گا، جو نہ صرف کرکدل اور اس کے مضافاتی علاقوں کے لئے ایک خوش آئند بات ہے بلکہ پورے قصبے کے لئے ایک اچھا اقدام ہے۔