شریئس ائیر (67) اور رشبھ پنت (50) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے اپنی دوسری اننگ دوسرے دن آخری سیشن میں نو وکٹ پر 303 رن پر ڈکلیئر کرکے دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں سری لنکا کے سامنے جیت کےلئے 447 رن کا انتہائی مشکل ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 28 رنز بنالئے ہیں۔ سری لنکا کو جیت کے لیے 419 رنوں کی ضرورت ہے۔
پہلی اننگ میں پانچ وکٹیں لینے والے جسپریت بمراہ نے لاہیرو تھریمانے کو صفر پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ کیا۔ اسٹمپس کے وقت کپتان دیمتھ کرونارتنے 10 اور کشل مینڈس 16 رن بناکر کریز پر تھے۔
ہندوستان نے صبح نائب کپتان اورتیز گیندباز جسپریت بمراہ (24 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت سری لنکا کو 35.5 اوور میں 109 کے اسکور پر آل آوٹ کرکے 143 رن کی برتری حاصل کی تھی۔
ہندوستان کی دوسری اننگ میں کپتان روہت شرما نے 46، ہنوما وہاری نے 35، پنت نے 31 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 50 رن، ائیر نے 87 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 67 اور رویندر جڈیجہ نے 22 رن بنائے۔ پروین جیاوکرما نے 78 رن پر چار وکٹ اورلاستھ ایمبولدینیا نے 87 دے کرتین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنے کل کے چھ وکٹ پر 86 رن کے اسکور کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا، لیکن وہ زیادہ دیر تک ٹک نہیں پایا۔ ہندوستان نے بمراہ اور اشون کی خطرناک گیند بازی سے دن کے پہلے ہی سیشن میں 5.5 اوور میں سری لنکا کے چاروکٹ گراکر اسے 109 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
دو وکٹ بمراہ اور دو روی چندرن اشون کے حصے میں آئے۔ اس سے پہلے کل بمراہ نے تین وکٹ لیے تھے۔ اس طرح انہوں نے 10 اوورز میں 24 رن دے کر مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ اشون اور محمد شامی نے دو دو وکٹ لئے۔ ایک وکٹ اکشر پٹیل کے نام رہا۔
یو این آئی