ضلع گیا نکسل متاثرہ علاقہ لٹوا کے جنگلی علاقے میں جمعہ کو سی آرپی ایف اور ضلع پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران ممنوعہ نکسلی بھاکپا ماؤ وادیوں کے درمیان تصادم ہوگیا ، تصادم میں دونوں طرف سے درجنوں راونڈ گولیاں چلیں۔
حالانکہ اس تصادم میں کسی کے مرنے کی اطلاع نہیں ہے ، تصادم کے بعد نکسلی فرار ہونے میں کامیاب رہے ، پولیس نے جائے وقوعہ سے کافی مقدار میں اسلحہ اور دیگر سامانوں کوبرآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ سی آرپی ایف اور ضلع پولیس کی طرف سے سرچ آپریشن دیرشام تک جاری رہنے کی بھی اطلاع ہے ۔ ایس ایس پی راجیومشرا نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ایس ایس پی راجیومشرا نے بتایاکہ سی آرپی ایف کی ٹیم معمول کے مطابق سرچ آپریشن مہم پرنکلی تھی ، تبھی لٹوا کے جنگلی علاقے میں نکسلیوں نے سی آرپی ایف پر حملہ کردیا ، سی آرپی ایف کی جانب سے بھی جوابی کاروائی کی گئی ہے۔
دونوں طرف سے گولیاں چلی ہیں ، حالانکہ اس میں ابھی کسی نکسلی کے مرنے کی اطلاع نہیں ہے ، تصادم کے بعد بھی سرچ آپریشن جاری ہے ، نکسلی جس طرف بھاگے ہیں اس علاقے میں گہرائی سے جانچ کی جارہی ہے۔
پولیس کو نکسلیوں کاواکی ٹاکی ، ریڈیو ، ایس اے لار ، اے کے 47 کی گولی و کھوکے سمیت کئی اور سامان برآمد ہوئے ہیں ، انہوں نے کہاکہ نکسلیوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری رہیگا۔