بہرام پور: مغربی بنگال کے سرحدی ضلع مرشد آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہاکہ میں ریاست کے وزیر اعلیٰ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ حکومت نے ریاست میں بیساکھی کی تقریبات اور رام نومی شوبھا یاترا پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی۔
انہوں نے کہاکہ میں یہاں ریاست میں حالیہ واقعات پر مغربی بنگال حکومت سے سوال کرنے آیا ہوں۔ بنگال کی موجودہ صورتحال وہ نہیں ہے جو ہمارے آزادی پسندوں نے ’سونار بانگلہ‘ کے لیے سوچی تھی۔ کانگریس اور ترنمول کانگریس دونوں ریاست کو لوٹنے اور ملک کے خلاف کام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ سات سال پہلے اتر پردیش میں بھی ایسی ہی صورتحال تھی لیکن آج ہماری بیٹیاں، کاروباری اور تاجر اتر پردیش میں محفوظ ہیں۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے لوک سبھا سیٹ بہرام پور، جہاں ووٹروں کا ایک بڑا حصہ اقلیتی برادری سے ہے، سے بی جے پی امیدوار اور ڈاکٹر نرمل چندر ساہا کے لیے انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہاکہ اب تک میں نے اتر پردیش میں حملہ آوروں کو الٹا لٹکا دیا ہوتا تاکہ ان کی سات نسلیں دوبارہ ایسا جرم کرنے کی جرأت نہ کرپاتیں۔
یہ بھی پڑھیں:انتخابات کے بعداگر تشدد ہوئے تو برداشت نہیں کیا جائے گا: امیت شاہ - Lok Sabha Election 2024
انہوں نے کہا کہ اب تک 191 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ سے مودی حکومت کی ایک اور مدت کار کا اشارہ ملتا ہے، جس میں بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 400 سیٹیں ملیں گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اتر پردیش مودی جی کو شمالی ریاست کی تمام 80 سیٹوں کا تحفہ دے گا۔قابل ذکر ہے کہ بنگال کے بہرام پور میں 13 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔
یواین آئی