کولکاتا: مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس ریاست کی 42 لوک سبھا سیٹوں میں سے 29 پر شاندار جیت درج کی ہے۔ اس کے بعد سی ایم ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کے لوگوں خاص کر مغربی بنگال کے لوگوں نے بی جے پی کی کمر توڑ دی ہے۔ سی ایم کے مطابق اگر بی جے پی کو اپنے اتحادیوں کی مدد کے بغیر اکثریت مل جاتی تو ملک خطرے میں پڑ جاتا۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ این ڈی اے اب ہار چکا ہے۔ کچھ دوسری پارٹیاں اب بھی بی جے پی کی حمایت کرنے پر غور کر رہی ہیں، لیکن میں ان سے درخواست کروں گی کہ وہ ایسا نہ کریں۔ میرے خیال میں مودی کا جادو ختم ہو گیا ہے اور انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کو واضح اکثریت نہیں ملی ہے۔ اس لیے آنے والے دن پارٹی کے لیے مشکل ہوں گے۔انہیں حکومت بنانے کے لئے دوسروں کی طرف دیکھنا پڑے گا۔انہوں نے پہلے ہی ہم پر کئی مظالم کیے ہیں۔ جس کے لیے ہم انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔
ممتا بنر جی کا خیال ہے کہ ہندوستان کے دیگر اتحادی بھی اسے معاف نہیں کریں گے۔ بہرام پور سے ریاستی کانگریس صدر ادھیر رنجن چودھری کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ دراصل بی جے پی کی طرف سے کام کر رہے تھے۔ بہرام پور کے لوگوں نے انہیں مسترد کر دیا ہے، جس طرح ریاست کے لوگوں نے بی جے پی کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوک سبھا انتخابات میں ابھیشیک بنرجی کی تاریخی جیت
وزیراعلیٰ نے ایگزٹ پول کا مذاق اڑایا جس میں بی جے پی کی زبردست جیت کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ ایسی قیاس آرائیاں کرنے والوں کا مقصد ملک کے عوام کے حوصلے پست کرنا ہے۔انہوں نے میڈیا والوں پر بھی جم کر تنقید کی۔