ممبئی: مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو ودربھ کی پانچ اور مراٹھواڑہ کی تین سیٹوں پر ہونے والی ووٹنگ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
جن آٹھ پارلیمانی سیٹوں پر کل ووٹنگ ہو گی ان میں ودربھ کے علاقے بلڈھانہ، واشیم, یوتمال، اکولا، امراوتی اور وردھا شامل ہیں جبکہ مراٹھواڑہ کے علاقے میں ناندیڑ، ہنگولی اور پربھنی شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کر دئے گئے ہیں۔ آج صبح انتخابی سامان ضلع اور تعلقہ ہیڈ کوارٹر سے متعلقہ حلقوں کے انتخابی افسران میں تقسیم کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران ان پانچ اضلاع سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں ریاست سے کل 204 امیدوار میدان میں ہیں، جن کی قسمت کا فیصلہ 1.49 کروڑ رائے دہندگان کریں گے۔ ووٹنگ کے لیے کل 16,589 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ انیس اپریل کو ہوئی تھی اور مہاراشٹر کے ان دو شہروں ودربھ اور مراٹھواڑہ کی آٹھ سیٹوں کے لئے کل یعنی چھبیس اپریل کو ووٹنگ ہونا ہے۔ دو ہی اضلاع میں یہاں کے امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں کے باشندوں کے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: