کیننگ: لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد ریاست مغربی بنگال کے مختلف حصوں سے تشدد کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ حکمراں جماعت اور اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔
جنوبی 24 پرگنہ کے کیننگ کے رہنے والے ترنمول کانگریس کے ایک رہنما کو مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ مرنے والے کا نام رابندر ناتھ منڈل (43) ہے۔ وہ کیننگ میں ترنمول بوتھ نمبر 218 کے جنرل سکریٹری ہیں۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
کیننگ ایسٹ کے رکن اسمبلی شوکت ملا ترنمول کانگریس کے رہنما کے گھر پہنچے اور رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ ٹی ایم سی کے رہنما کی موت پر تعزیت پیش کی۔ رکن اسمبلی شوکت ملا نے کہا کہ ترنمول رہنما کی موت پر بے حد افسوس ہے۔ پولیس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں ملوث شرپسندوں کی جلد سے جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کلمپونگ میں سڑک حادثہ، کار کھائی میں گر گئی، تین کی موت
گھر والوں کا کہنا ہے کہ رابندر ناتھ منڈل کا قتل کیا گیا ہے۔ انہیں فون کرکے گھر بلا کر کوئی لے گیا تھا۔ اس کے بعد ان کا کوئی اتاپتہ نہیں تھا۔ وہ گھر سے 100 میٹر کی دوری بے ہوش پڑے ہوئے ملے۔ بائیک پاس ہی پڑی تھی۔ ترنمول لیڈر کو جب کیننگ سب ڈویژنل ہسپتال لے جایا گیا تو اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔