احمدآباد: احمد آباد میں واقع سیدی سید کی جالی والی مسجد کا گارڈن و فوارہ خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس تعلق سے کانگریس کے کونسلر اقبال شیخ نے بتایا کہ احمدآباد کی سیدی سید کی جالی جو کہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے، پوری دنیا میں گجرات کا شہر احمد آباد ایک فخر کا مقام رکھتا ہے۔ دنیا کے کونے کونے سے سیاح باقاعدگی سے اس جگہ گھومنے آتے ہیں۔ محکمۂ آثار قدیمہ کے ہنر مند انجینئرز اور دانشوروں کو سیدی سید کی جالی کی فنکاری کا مشاہدہ نصیب ہوتا ہے۔ جاپان، چین، فرانس اور امریکہ جیسی سپر پاورز کے سربراہان وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں سے اس جگہ کا دورہ کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
سیدی سید کی جالی کے احاطے میں پانی کا فوارہ جو اس جگہ کی رونق میں اضافہ کرتا تھا، وہ فی الحال ایک عرصۂ دراز سے بند ہے۔ یہاں چوہوں نے اپنے بلوں کا جال پھیلا رکھا ہے اور پورے احاطے کی مناسب صفائی کا فقدان ہے۔ جو چوہے جالی کی دیواروں کے ارد گرد بل بنا رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے مستقبل میں سیدی سید کی جالی کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس جگہ پر کچرے کے بڑے ڈھیر بھی نظر آتے ہیں۔ اس جگہ پر مسلسل صفائی ستھرائی کا کام کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درج بالا تفصیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے عاجزانہ درخواست کی ہے کہ عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہیریٹیج سٹی کی شان سیدی سید کی جالی کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ فوارہ دوبارہ بنایا جائے۔ چوہوں کے خطرے سے بچایا جائے اور گارڈن کا رینویشن کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔ تاکہ سیدی سید کی جالی کا تحفظ ہو سکے۔