میرٹھ: ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں یوم اساتذہ کے موقع پر شہر میں مختلف تعلیمی اداروں میں ٹیچرز ڈے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء و طالبات کے درمیان ٹیچرز کی اہمیت کو بیان کیا گیا۔ یوم اساتذہ کی مناسبت سے میرٹھ میں مختلف تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی اہمیت طلباء کو بتانے کے مقصد سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں دینی مدارس کے علاوہ اسکولوں میں ٹیچرز کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے طلباء و طالبات نے اپنے اساتذہ کے کردار کو نمایاں کرکے ان کو اپنی زندگی میں اتارنے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی اپنے اساتذہ کی قربانیوں کو یاد کیا۔
شہر کے مسلم اکثریتی آبادی والے علاقے میں واقع حیدر پبلک اسکول میں بھی مختلف انداز میں یوم اساتذہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اسکول کے چھوٹے چھوٹے بچوں نے اساتذہ کے پڑھانے کے انداز کو اپنے کرداروں میں نمایاں کرتے ہوئے ان کے کردار کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی بات کہی۔ تاکہ وہ بھی آگے چل کر ایک اچھے استاد کے فرائض انجام دے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:
اس موقع پر اسکول کی وائس پرنسپل شویزا پروین نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں طلباء کے درمیان ٹیچرز کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور آج ٹیچرز کا ڈر طلباء میں دکھائی نہیں دیتا ہے۔ طلبا و طالبات میں اپنے اساتذہ کا احترام اور ڈر وخوف ضروری ہے تبھی وہ زندگی میں ترقی کر سکتے ہیں۔
طلباء میں ٹیچرز کی اہمیت کو بنائے رکھنے کے مقصد سے اسکول کے بچوں نے اپنی اداکاری سے ان کی زندگیوں کو پیش کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ بھی آگے چل کر ایک اچھے استاد کے فرائض انجام دے سکیں۔ ساتھ ہی آج کے ماحول میں ٹیچرز کو عزت اور احترام دلانے کے لیے حکومتی سطح پر بھی کوشش کی جانے کی ضرورت ہے تاکہ استاد اور طلباء کا رشتہ اور زیادہ مضبوط بنایا جا سکے۔