ممبئی: یہ پائیدھونی مارکیٹ ہے۔ رمضان المبارک کے ان دنوں یہاں لوگوں کا کافی ہجوم ہے۔ کیونکہ ماہ مقدس کے سبب ضرورت کے مذہبی سامان یہاں دستیاب ہیں۔ جس کی وجہ سے ملک اور بیرون ممالک کے سیاحوں کا یہاں تانتا بندھا رہتا ہے۔ یہاں ڈیجیٹل کی ایک دو نہیں بلکہ 20 سے زائد طرح کی تسبیحات دستیاب ہیں۔ جب کہ دانے والی تسبیح مصنوعی عقیق، عقیق، کرسٹل اور کرسٹل کے بڑے دانوں کی تسبیح بہت زیادہ پسند کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کو پہلی بار منفرد تسبیح دی جائے گی
امین عبداللہ اور ان کا اہل خانہ طویل مدت سے یہاں مذہبی سامان فروخت کرتے ہیں۔ امین عبدااللہ کہتے ہیں کہ خوبصورت دکھائی دینے والی تسبیح مہنگی ضرور ہے لیکن اسے بازار میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ بلکہ یہ کہنا درست ہوگا کہ یہ عوام کی پہلی پسند ہے۔ جب کہ ڈیجیٹل تسبیح کو اس لیے لوگ پسند کرتے ہیں کہ ان میں اب چارج کرنے کی سہولت ہے۔ اس لیے ڈیجیٹل تسبیحات بھی اب پسند کی جاتی ہیں۔ امین کہتے ہیں کہ کم سے کم قیمت کی 10 روپیے اور مہنگی دیکھی جائے تو 1500 روپیے کی تسبیح یہاں دستیاب ہے۔ انہیں خریدنے والے عبادت کے ساتھ ساتھ مہنگی اور خوبصورت دکھائی دینے والی تسبیح کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔
ممبئی کا پائیدھونی علاقہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے اور یہاں مقیم مسلمانوں میں کاروباریوں کی اکثریت ہے۔ یہاں گجراتی اور کوکنی مسلمان آغاز سے ہی مقیم ہیں۔ جو علاقہ میں ہی تجارت کرتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ متوسط طبقہ کے لیے یہاں کی بازاریں کسی نعمت سے کم نہیں۔ ماہ مقدس کے اس ایک ماہ میں یہاں تل رکھنے کو جگہ نہیں رہتی۔ جب کہ عام دنوں میں بھی یہاں بھیڑ زیادہ رہتی ہے۔