گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع گیا میونسپل کارپوریشن بورڈ کا آج خصوصی بجٹ اجلاس منعقد ہوا. اسکی صدارت میئر وریندر کمار عرف گنیش پاسوان نے کی۔نظامت اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن مو ہن شریواستو نے کی۔ اس اجلاس میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال سبھی اراکین نے کیا۔بجٹ پر حتمی منظوری دی۔ اس بجٹ کے تحت گیا میونسپل کاپوریشن میں 5 ارب 61 کروڑ 17 لاکھ 88 ہزار روپے کے بجٹ کے تحت کام ہونگے ۔ اس بجٹ میں شہر کی صفائی اور خوبصورتی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
میئر وریندر کمار نے کہا کہ بجٹ میں شہر کے باشندوں کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔ صفائی ستھرائی، نالوں، گلیوں اور چوراہوں کے کاموں اور اسکی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔یہ بجٹ منافع بخش ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر چنتا دیوی، اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبر اکھوری اومکارناتھ عرف موہن شریواستو، میونسپل کمشنر ابھیلاشا شرما، گجیندر سنگھ، دیپک چندرونشی، منوج کمار، نیر احمد، سنجے سنہا، انجلی کماری، چندو دیوی، ڈمپل کمار اور کئی کونسلر موجود تھے۔
واضح ہوکہ گزشتہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ 513 کروڑ روپے تھا۔ اس مالی سال 2024 کے بجٹ میں شہر کی صفائی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بجٹ کا 70 فیصد صفائی ستھرائی پر خرچ کیا جائے گا۔ تاکہ شہر صاف ستھرا نظر آئے۔ بجٹ میں شہر کی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت بنانے کے لیے کئی بڑے منصوبوں پر زور دیا گیا ہے۔ شہر میں واقع چوک اور چوراہوں کی خوبصورتی کو بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
خوبصورتی و تزئین کاری کے کاموں پر 5 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی بجٹ میں شہر گیا کے ٹریفک نظام کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے ٹریفک سگنل لائٹ لگانے کی تجویز بھی پاس ہوئی ہے۔ 5 کروڑ کی رقم سے لائٹ کی خریدی کی جائے گی۔ تاکہ شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہو سکے۔
اس کے علاوہ 15ویں مالیاتی کمیشن کے فنڈز سے سالڈ ویسٹ، جل جیون ہریالی،ریاستی منصوبہ کے تحت شہر کی بڑی سڑکوں کی تعمیرہوگی جبکہ چھٹے ریاستی مالیاتی کمیشن سے کچی گلیوں کی تعمیر اور پانی کی فراہمی کے نظام کی دیکھ بھال، آلودگی کنٹرول کے تحت ملنے والے فنڈز سے آلودگی کو ختم کرنے کا کام ہوگا۔ اہم سڑکوں پر پیونگ بلاک کا کام، کے پی روڈ پرواقع گاندھی اسمارگ کی تزئین کاری ، شہر کے چاروں طرف استقبالیہ دروازوں کی تعمیر، اربن ہاؤسنگ اسکیم سمیت دیگر اسکیمیں شامل ہیں۔ جسکے تحت شہر گیا میں کام ہوںگے۔
یہ بھی پڑھیں:گیا: مگدھ کمشنری دفتر میں واٹر اے ٹی ایم مشین سے خرید کر لوگ پیئیں گے پانی
اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن موہن شریواستو نے کہا کہ گیاجی جو کہ بین الاقوامی اور قدیم طور پر مشہور مذہبی شہر ہے، اس کو اسمارٹ سٹی کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ اس بار منافع بخش بجٹ پاس ہوا ہے۔ عوامی مفاد سے متعلق صفائی پر خصوصی زور دیتے ہوئے ہمہ گیر ترقی کی جائے گی۔